سندھ کابینہ نے محنت کشوں کی اجرت میں 7.5 فیصد اضافہ منظور کیا۔ نئے اجرتی نظام کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔
کراچی: (رائیٹ ناؤنیوز) سندھ کی صوبائی کابینہ نے وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں محنت کشوں کی کم از کم اجرت میں 7.5 فیصد اضافے کی منظوری دے دی۔ ترجمان کے مطابق نئی اجرت کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔
کابینہ کے فیصلے کے تحت غیر ہنر مند مزدور کی کم از کم ماہانہ اجرت 40 ہزار سے بڑھا کر 43 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔ نیم ہنر مند، ہنر مند اور اعلیٰ ہنر مند کارکنوں کی اجرتوں میں بھی اضافہ منظور کیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ یہ اجرتیں سندھ بھر کے تمام نوٹیفائیڈ صنعتی اور تجارتی اداروں پر لاگو ہوں گی۔ اس اقدام کا مقصد اجرتی نظام کے مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت محنت کشوں کی فلاح و بہبود اور معاشی تحفظ کے لیے مصروف عمل ہے۔ مزدوروں کے مفادات کی حفاظت کے لیے اصلاحاتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ صوبائی کابینہ نے صحت، انصاف اور محنت کشوں کی فلاح سے متعلق دیگر اہم فیصلوں کی بھی منظوری دی ہے۔











