برطانوی ہائی کمیشن نے پاکستانی طلبہ کے لیے چیوننگ اسکالرشپ، او سی آئی ایس فیلوشپ اور کامن ویلتھ اسٹارٹ اپ فیلوشپ کی درخواستیں کھول دی ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) برطانیہ نے پاکستانی طلبہ، محققین اور کاروباری افراد کے لیے چیوننگ اسکالرشپ، او سی آئی ایس فیلوشپ اور کامن ویلتھ اسٹارٹ اپ فیلوشپ کی درخواستیں وصول کرنا شروع کر دی ہیں۔ برطانوی ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام باصلاحیت پاکستانیوں کو اعلیٰ تعلیم اور بین الاقوامی روابط کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔
پروگرام کے تحت منتخب افراد کو برطانیہ کی جامعات میں ماسٹرز ڈگری مکمل طور پر سرکاری اخراجات پر کرنے کا موقع دیا جائے گا۔ شرکا کو ہوائی سفر، تعلیمی فیس، ویزا اور رہائش کے اخراجات کے لیے وظیفہ بھی فراہم کیا جائے گا۔
پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ یہ مواقع پاکستانیوں کو اداروں کی قیادت کرنے، کاروبار کو ترقی دینے اور اہم عالمی مسائل کے حل میں کردار ادا کرنے کی صلاحیت دیتے ہیں۔
واضح رہے کہ چیوننگ اسکالرشپ کے تحت دو ہزار سے زائد پاکستانی شرکا مختلف اہم ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ ان پروگراموں کے تحت منتخب افراد کو عالمی ثقافتوں کو سمجھنے اور عالمی رہنماؤں کے ساتھ مستقل روابط قائم کرنے کا موقع ملتا ہے۔
درخواستوں کی جمع کرانے کی آخری تاریخ یکم ستمبر ہے۔ امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی درخواستیں مقررہ مدت کے اندر مکمل کر کے جمع کرائیں۔















