نادرا نے شناختی کارڈ پر پتہ تبدیلی کا عمل مزید سہل بنا دیا ہے، شہریوں کو مستند ثبوت کے ساتھ درخواست دینے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نادرا نے شناختی کارڈ پر موجودہ پتہ تبدیل کرنے کے خواہشمند شہریوں کے لیے اہم ہدایات جاری کی ہیں۔ حکام نے بتایا کہ اب پتہ کی تبدیلی کا عمل مزید سہل بنا دیا گیا ہے تاکہ شہری اپنے رہائشی ریکارڈ کو درست اور بروقت اپ ڈیٹ کر سکیں۔
نادرا کے ترجمان نے کہا ہے کہ پتہ کی تبدیلی کے لیے شہریوں کو لازماً رہائش کا مستند ثبوت پیش کرنا ہوگا، جیسے والدین، شریکِ حیات یا اپنی ملکیت میں موجود رہائشی پتے پر بجلی، گیس یا پانی کا بل۔ اس کے علاوہ ڈومیسائل سرٹیفکیٹ، جائیداد کے کاغذات، ہاؤسنگ سوسائٹی کا الاٹمنٹ لیٹر یا تصدیق شدہ کرایہ نامہ بھی قبول کیا جائے گا۔
نادرا نے شہریوں کو سہولت دی ہے کہ وہ ملک بھر میں قائم قریبی نادرا مرکز سے رجوع کر سکتے ہیں، جہاں عملہ انہیں پتہ تبدیلی کا مکمل طریقہ کار فراہم کرے گا۔ اس عمل کو تیز تر اور شفاف بنایا گیا ہے تاکہ کسی قسم کی تاخیر یا پریشانی کا سامنا نہ ہو۔
شہریوں کو یہ سہولت بھی فراہم کی گئی ہے کہ وہ گھر بیٹھے پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے پتہ تبدیلی کی درخواست جمع کرا سکتے ہیں، جس سے دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت کم ہو گئی ہے۔
نادرا حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ شناختی کارڈ میں رہائشی پتہ ہمیشہ درست رکھیں کیونکہ سرکاری خدمات، بینک اکاؤنٹس، پاسپورٹ، الیکشن ریکارڈ اور دیگر اہم قانونی امور میں درست پتہ نہایت اہمیت رکھتا ہے۔















