مریم اورنگزیب نے شہباز شریف کے دور حکومت میں پاکستان کے عالمی وقار کی بلندی کا دعویٰ کیا اور پی ٹی آئی کی حکومت پر عوامی فلاح کے کام نہ کرنے کا الزام لگایا۔
کوٹلی ستیاں: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہباز شریف کے دور حکومت میں عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے، وزیراعظم کا جہاز جس ملک میں داخل ہوتا ہے، سلامی دی جاتی ہے۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ دنیا آج پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے، جبکہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں عوامی فلاح کا کوئی کام نہیں ہوا اور لوگوں کی عزتیں اچھالی گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ستھرا پنجاب پروگرام کا آغاز کیا اور اب پنجاب کے گلی محلے صاف ستھرے نظر آ رہے ہیں۔ پورے پنجاب میں بچوں کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جا رہے ہیں اور مزید 10 ہزار سڑکیں بنائی جائیں گی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے مری ڈویلپمنٹ پلان دیا اور پنجاب حکومت نے صحت کے شعبے میں بھی نمایاں اقدامات کیے ہیں۔ نواز شریف نے کوٹلی ستیاں کو تحصیل کا درجہ دیا اور چیئرلفٹ ریکارڈ مدت میں مکمل کی جائے گی۔















