کرناٹک میں پاپڑ کے پیکٹ سے ملنے والی کھلونا گیند نگلنے سے 5 سالہ بچہ جاں بحق، والدین کی اکلوتی اولاد تھی۔
میسور: (رائیٹ ناؤ نیوز) بھارتی ریاست کرناٹک کے ضلع میسور میں 5 سالہ بچہ پاپڑ کے پیکٹ میں موجود کھلونا گیند نگلنے سے جاں بحق ہو گیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ گوری پورا گاؤں میں پیش آیا جہاں متاثرہ بچے کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال لے جایا گیا، لیکن بچہ جانبر نہ ہو سکا۔ یہ بچہ والدین کی اکلوتی اولاد تھا۔
حکام نے بتایا کہ گیند پاپڑ کے پیکٹ میں بطور مفت تحفہ شامل تھی، جسے بچے نے حادثاتی طور پر نگل لیا۔ تاحال کوئی باضابطہ شکایت درج نہیں کرائی گئی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ متاثرہ خاندان کے ساتھ رابطے میں ہیں اور مزید کارروائی شکایت درج ہونے پر ہی ممکن ہوگی۔
واضح رہے کہ بھارت میں بچوں کے کھلونوں کی حفاظت پر سوالیہ نشان اٹھتے رہے ہیں، یہ واقعہ ان مسائل کی نشاندہی کرتا ہے۔














