ایران نے امریکی صدر ٹرمپ کے دعوے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا سے حملے روکنے کی درخواست نہیں کی گئی۔
تہران: (رائیٹ ناؤنیوز) ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران نے امریکا سے فوجی کارروائیاں نہ کرنے کی کوئی درخواست نہیں کی۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی مہر کے مطابق، ایرانی فوجی حکام نے ٹرمپ کے بیان کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
ایرانی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ امریکا سے حملے روکنے کی درخواست نہیں کی گئی اور یہ دعویٰ ایک نیا جھوٹ ہے۔ ان کا کہنا تھا ملک کی مسلح افواج ہر ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے مکمل چوکس ہیں۔
حکام کے مطابق ایران کی دفاعی فورسز کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے اور کسی قسم کی جارحیت کی گئی تو مناسب جواب دیا جائے گا۔ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان سخت بیانات کا تبادلہ جاری ہے۔
مبصرین کے مطابق دونوں ممالک کے متضاد بیانات خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں، جبکہ عالمی برادری سفارتی حل تلاش کرنے کی کوششوں پر زور دے رہی ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں امریکا اور ایران کے تعلقات میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث خطے میں تناؤ بڑھ گیا ہے۔














