شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک، میجر احسان الٰہی شہید۔ دہشت گردوں سے اسلحہ برآمد، کلیرنس آپریشن جاری۔
شمالی وزیرستان: (رائیٹ ناؤنیوز) شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 5 بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ اس کارروائی کی قیادت کرتے ہوئے میانوالی کے 34 سالہ میجر حافظ احسان الٰہی شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن یکم اگست کو ہوا، جس میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کارروائی کی گئی۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
فائرنگ کے شدید تبادلے میں میجر احسان الٰہی نے بہادری سے لڑتے ہوئے وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر متعدد حملوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔ علاقے میں مزید کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ دوسرے ممکنہ دہشت گردوں کو بھی ختم کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ سیکیورٹی فورسز نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گی۔ یہ مہم ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گی۔















