وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے محسن نقوی کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے پاکستان میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔
ملتان: (رائیٹ ناؤ نیوز) وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے وزیر داخلہ محسن نقوی کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں نئے انتظامی یونٹس بننے چاہئیں۔ انہوں نے ملتان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کی۔
مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ پاکستان دنیا کے 180 ملکوں سے بڑا ہے اور موجودہ وفاق اور صوبائی نظام کے تحت نہیں چل سکتا۔ اس لیے مزید انتظامی یونٹس بنانا ضروری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہر سال چار لاکھ بچے مختلف بیماریوں کی وجہ سے انتقال کر جاتے ہیں، جنہیں بچایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے خالد مقبول صدیقی کو اپنا چیئرمین قرار دیا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ملک میں ایک کروڑ دس لاکھ افراد ہیپاٹائٹس سی کے شکار ہیں، جبکہ ہر تیسرا شخص شوگر کا مریض ہے۔ انہوں نے ادویات کی قیمتوں کے بارے میں کہا کہ یہ کابینہ کا کام ہے، وزیر صحت کا نہیں۔
واضح رہے کہ ڈریپ نے کچھ ادویات کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کردیا ہے، جس پر انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ کابینہ کے زیر غور ہے۔













