آسٹریلیا نے ایشیز کے دوسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر منفرد ریکارڈ قائم کیا، تمام 11 بیٹرز ڈبل فیگرز میں داخل ہوئے۔
برسبین: (رائیٹ ناوٴ نیوز) آسٹریلیا نے ایشیز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ گابا میں کھیلے گئے میچ کے چوتھے روز انگلینڈ نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز سے اپنی اننگز کا آغاز کیا، تاہم پوری ٹیم 241 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے مائیکل نیسر نے 5، مچل اسٹارک اور اسکاٹ بولینڈ نے 2،2 جبکہ برینڈن ڈوگٹ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا کو جیت کے لیے 65 رنز کا ہدف ملا جسے اس نے 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ٹریوس ہیڈ نے 22 اور جیک ویدرالڈ نے 17 رنز بنائے جبکہ کپتان اسٹیو اسمتھ 23 اور مارنس لبوشین 3 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اس میچ میں آسٹریلیا نے ایک منفرد بیٹنگ ریکارڈ قائم کیا۔ ایشز کی تاریخ میں پہلی بار آسٹریلیا کے تمام 11 بیٹرز ڈبل فیگرز میں داخل ہوئے۔ اس سے قبل آسٹریلیا نے 1948 میں بھارت اور 1992 میں سری لنکا کے خلاف بھی یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔















