خیبرپختونخوا اسمبلی کے اراکین کے لیے بلیو پاسپورٹ کی تاحیات شق ختم کر دی گئی، اب صرف اسمبلی مدت تک محدود ہوگی۔
پشاور: (رائیٹ ناؤ نیوز) خیبرپختونخوا اسمبلی کے اراکین کے لیے بلیو پاسپورٹ کی تاحیات شق کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے استحقاق میں مراعات بل سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔
اجلاس کی صدارت ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی نے کی جو کمیٹی کی چیئرپرسن بھی ہیں۔ اجلاس میں بل میں ممبران کے لیے اسمبلی نادرا کارڈ جاری کرنے کی تجویز دی گئی جبکہ ممبران کے اہل خانہ کو کارڈ کا اجرا ختم کرنے پر غور ہوا۔
مراعات بل میں میڈیا سے متعلق قوانین میں ترامیم کر کے نرمی کی جائے گی۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے تمام مراعات برقرار رکھنے کا فیصلہ ہوا۔ اراکین اسمبلی کے بلیو پاسپورٹ کے خاتمے پر کئی ممبران کے تحفظات ہیں۔
ذرائع کے مطابق، صوبائی اسمبلی مراعات بل کے ترمیمی مسودے کو جلد حتمی شکل دے کر کابینہ کی منظوری کے بعد دوبارہ اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ وزیراعلی سہیل آفریدی نے اسپیکر بابر سلیم کو نظرثانی کا کہا تھا۔
واضح رہے کہ بلیو پاسپورٹ بین الاقوامی سطح پر خصوصی استحقاق کی علامت سمجھا جاتا ہے جو اراکین اسمبلی کو سفری سہولت فراہم کرتا ہے۔















