سینیٹ کمیٹی نے اسکائی گارڈن پروجیکٹ میں ڈی جی نیب کو طلب کرلیا۔ چیئرمین کا کہنا ہے کہ 2009ء میں سوموٹو کے بنیاد کو جاننا ضروری ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ نے اسکائی گارڈن پروجیکٹ میں ڈی جی نیب کو طلب کرلیا ہے۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس کو بھی طلب کیا جائے گا تاکہ 2009ء میں سوموٹو لینے کی وجوہات معلوم ہوسکیں۔
اجلاس میں متاثرین کو زمین نہ ملنے کا معاملہ زیر بحث آیا۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ 2009ء میں جے وی ایگریمنٹ کے فوراً بعد سپریم کورٹ نے سو موٹو لیا تھا۔
چیئرمین کمیٹی نے نیب کے کردار پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے سوموٹو نوٹس کے باوجود پیسے وصول کیے گئے۔ متاثرین نے کہا کہ انہوں نے شروع دن سے ایف جی ایچ اے کے اکاؤنٹ میں پیسے بھیجے تھے۔
ڈائریکٹر ایف جی ایچ اے نے بتایا کہ سپریم کورٹ نے تین سال بعد ملازمین کے حق میں فیصلہ دیا تھا۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے نیب کے کیس سے کچھ نہ نکلنے کا ذکر کیا اور کہا کہ کرپشن کا کوئی پہلو سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں گرین انکلیو ون کے ٹھیکے دار اور نیب حکام کو بھی طلب کیا ہے تاکہ مزید معلومات حاصل کی جاسکیں۔















