کلاڈ اے آئی چیٹ بوٹ کی گفتگو لیک ہونے سے صارفین کی ذاتی معلومات عوامی ہو گئیں۔ اینتھروپک کمپنی نے سرچ نتائج سے ان لنکس کی دستیابی ختم کر دی ہے۔
نیو یارک: (رائیٹ ناؤ نیوز) مصنوعی ذہانت کے چیٹ بوٹ کلاڈ کی سیکڑوں صارفین کی گفتگو انٹرنیٹ پر لیک ہو گئی۔ یہ گفتگو کچھ عرصے کے لیے عوامی طور پر دستیاب رہی، جس میں ذاتی معلومات اور حساس مواد شامل تھا۔
رپورٹس کے مطابق یہ مسئلہ ان شیئر کیے گئے چیٹس سے متعلق تھا جنہیں صارفین نے خود کلاڈ کے شیئر آپشن کے ذریعے شیئر کیا تھا۔ گوگل جیسے سرچ انجنز نے ان لنکس کو محفوظ کر لیا، جس کے باعث وہ تلاش کیے جا سکتے تھے۔
ریڈٹ کے صارفین نے 200 سے زائد چیٹس کو تلاش کیا، جو 25 صفحات پر مشتمل نتائج میں نظر آئیں۔ ان چیٹس میں ذاتی سوالات، پیشہ ورانہ معاملات اور کام سے متعلق معلومات شامل تھیں۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کسی بڑے چیٹ بوٹ کی گفتگو عوامی سطح پر سامنے آئی ہو۔ اس سے پہلے اوپن اے آئی اور ایلون مسک کی کمپنی ایکس کے چیٹ بوٹس سے متعلق بھی ایسے واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اے آئی کے چیٹ بوٹس استعمال کرتے وقت صارفین کو ذاتی یا خفیہ معلومات شیئر کرنے سے احتیاط کرنی چاہیے۔















