بلاول بھٹو نے ایک سیاسی جماعت پر فارم 47 کی بنیاد پر اقتدار حاصل کرنے کا الزام لگایا ہے اور الیکشن کمیشن سے میرپور میں دوبارہ پولنگ کا مطالبہ کیا ہے۔
مظفرآباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ایک سیاسی جماعت پر دھاندلی کا الزام عائد کیا ہے۔ بلاول کا کہنا ہے کہ یہ جماعت نسل در نسل دھاندلی کی پیداوار ہے اور فارم 47 کی بنیاد پر اقتدار میں ہے۔
انہوں نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس جماعت کا قائد تین بار وزیراعظم دھاندلی کی وجہ سے بنا۔ ان کے مطابق یہ لوگ فارم 47 کے ذریعے وزیراعلیٰ اور وزیراعظم بنتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو کبھی اقتدار تحفے میں نہیں ملا۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے میرپور میں دوبارہ پولنگ کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کشمیریوں کے جمہوری حقوق کے لئے ہمیشہ سے لڑتی آئی ہے۔ کشمیر کے بحران کا حل پیپلزپارٹی کے پاس ہے۔
یاد رہے کہ بلاول بھٹو نے کہا کہ کشمیر کا فیصلہ کشمیری عوام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا فیصلہ مظفرآباد، میرپور، پونچھ اور راولاکوٹ ہی کریں گے۔















