رائیٹ ناو میڈیا اور مہر میڈیا گروپ کے درمیان معاہدہ، میڈیا تعاون، تربیتی پروگراموں اور مشترکہ منصوبوں کا آغاز۔
بشکیک: (رائیٹ ناؤ نیوز) شنگھائی تعاون تنظیم میڈیا سمٹ کے دوران رائیٹ ناو میڈیا اور مہر میڈیا گروپ کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ اس معاہدے پر رائیٹ ناو میڈیا کے صدر محمد اکمل خان اور مہر میڈیا گروپ کے چیف ایگزیکٹو محمد مہدی رحمتی نے دستخط کیے۔
معاہدے کا مقصد پاکستان اور ایران کے درمیان میڈیا تعاون کو فروغ دینا ہے۔ اس کے تحت دونوں ادارے خبروں، فیچر پروگرامز، دستاویزی فلموں اور ڈراموں کے تبادلے اور مشترکہ تیاری میں تعاون کریں گے۔
معاہدے کے تحت جدید میڈیا ٹیکنالوجی، تحقیق اور ڈیجیٹل شعبے میں بھی تعاون بڑھایا جائے گا۔ صحافیوں اور دیگر عملے کے تبادلے اور تربیتی پروگراموں پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
دونوں ادارے میڈیا مواد کی تقسیم اور تجارتی تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔ مفاہمتی یادداشت کے مطابق ہر مشترکہ منصوبے کے لیے الگ معاہدہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ یہ معاہدہ بشکیک میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم میڈیا سمٹ کے دوران دستخط کیا گیا۔ معاہدہ ابتدائی طور پر 2 سال کے لیے مؤثر ہوگا اور اس کی توسیع باہمی رضامندی سے کی جا سکے گی۔














