دریائے راوی میں پانی کی سطح بلند، ضلعی انتظامیہ نے چھ فلڈ ریلیف کیمپ قائم کیے اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔
ننکانہ صاحب: (رائیٹ ناؤنیوز) دریائے راوی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات تیز کردیے ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر نواں کوٹ سمیت چھ مقامات پر فلڈ ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔
ہیڈ بلوکی پر پانی کی آمد 77 ہزار 90 کیوسک اور اخراج 54 ہزار 190 کیوسک ریکارڈ ہوا ہے۔ جسٹر پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے اور وہاں 17 ہزار 400 کیوسک کی آمد ہے۔
ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب رعنا حمید نے ہیڈ بلوکی کا دورہ کیا اور وہاں کے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ایریگیشن حکام نے انہیں پانی کی صورتحال سے متعلق مکمل بریفنگ دی ہے۔
دریا کنارے آبادیوں کے لیے 6 فلڈ ریلیف کیمپ نواں کوٹ، ہیڑے، بھچوکی پار، ہفت مدر، ہلہ وڑائچاں اور کند رحم شاہ میں قائم کیے گئے ہیں۔ ریسکیو ٹیموں نے متعدد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔
یاد رہے کہ دریائے راوی میں پانی کی سطح بڑھنے سے اطراف کے کاشتکاروں کی فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔














