بحیرہ احمر میں سعودی آئل ٹینکر پر میزائل حملہ، حوثیوں نے ناکہ بندی برقرار رکھنے کے لیے حملے کا دعویٰ کیا ہے۔
ریاض: (رائیٹ ناؤنیوز) سعودی عرب کے ساحل کے قریب آئل ٹینکر ‘اینسیلیا’ پر میزائل حملے کے باعث آگ لگ گئی۔ سعودی ٹرانسپورٹ ادارے کے مطابق یہ واقعہ بحیرہ احمر میں پیش آیا۔
سعودی پریس ایجنسی نے بتایا کہ ‘اینسیلیا’ جہاز کو سعودی کمپنی چلا رہی تھی۔ حملے کے وقت جہاز عملے کے تمام افراد محفوظ رہے اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
تاحال حملہ آور کی شناخت نہیں ہو سکی۔ تاہم یمن کے حوثی گروہ نے دو سعودی آئل ٹینکروں پر حملے کا دعویٰ کیا ہے، جو بحری ناکہ بندی کو عبور کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
یہ حملہ سعودی عرب کی جانب سے صنعا کے ہوائی اڈے پر بمباری کے بعد ہوا ہے۔ حوثیوں کے مطابق یہ کارروائی بحری ناکہ بندی برقرار رکھنے کی کوشش ہے۔
یاد رہے کہ حوثیوں نے سعودی عرب کی بمباری کے جواب میں بحری ناکہ بندی کا اعلان کیا تھا۔ اگر ٹینکروں پر حملے کی تصدیق ہو جاتی ہے تو یہ ناکہ بندی کے خلاف پہلی کارروائی ہو سکتی ہے۔












