کراچی میں ڈاکٹر آکاش قتل کیس کے دوران تین ڈاکو ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔ پولیس نے تفتیشی رپورٹ میں ایک نامعلوم خاتون کے ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔
کراچی: (رائیٹ ناؤ نیوز) ڈاکٹر آکاش قتل کیس میں گرفتار تین ڈاکو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے ہیں۔ یہ واقعہ گلشنِ معمار کے علاقے عمر بروہی گوٹھ میں پیش آیا۔
اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے بتایا ہے کہ جب ملزمان کی نشاندہی پر چھاپہ مارا گیا تو ان کے ساتھیوں نے فائرنگ کردی جس سے ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا۔
ایس آئی یو کے مطابق، فائرنگ کے دوران ڈاکٹر آکاش قتل کیس کے تینوں گرفتار ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بنے۔
یاد رہے کہ 13 جولائی کو کلفٹن میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان ڈاکٹر آکاش جاں بحق ہوگیا تھا جبکہ ملزمان 50 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔
ڈاکٹر آکاش قتل کیس کی تفتیشی رپورٹ میں ایک نامعلوم خاتون کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا تھا، اور ملزمان ماضی میں بھی بینکوں کے باہر ڈکیتیوں میں ملوث پائے گئے تھے۔












