پاکستان نے حوثی باغیوں کی دھمکیوں کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی خودمختاری کی حمایت کا اعادہ کیا ہے، حوثیوں کی بحری ناکہ بندی پر امریکہ کا سخت ردعمل۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) پاکستان نے حوثی باغیوں کی سعودی عرب اور بحیرہ احمر میں جہاز رانی کے خلاف دھمکیوں کو سختی سے مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب اور تجارتی بحری جہازوں کو دی جانے والی دھمکیاں ناقابل قبول ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستانی جہازوں کو خطرہ قومی سلامتی کے خلاف خطرہ تصور ہوگا۔ پاکستان اپنے بحری مفادات کے دفاع کے لیے ہر ضروری اور قانونی اقدام کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
دفتر خارجہ نے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ بحیرہ احمر میں جہاز رانی کا تحفظ اور عالمی تجارت کا تسلسل یقینی بنانا ضروری ہے۔
یاد رہے کہ حوثی باغیوں نے سعودی عرب کی بحری ناکہ بندی کا اعلان کیا تھا۔ امریکی صدر نے بھی حوثیوں کو بحیرہ احمر کی ناکہ بندی پر سخت جواب دینے کی دھمکی دی تھی۔
سعودی وزارت خارجہ نے حوثیوں کی بحری ناکہ بندی کے اعلان کی شدید مذمت کی ہے۔ سعودیہ یمنی عوام اور وہاں کی قانونی حکومت کی حمایت جاری رکھے گا۔












