پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں پر کرایوں میں 5 فیصد اضافہ کر دیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔
ملک شہزاد اعوان نے بتایا کہ گزشتہ روز 5 روپے 70 پیسے اور آج 7 روپے 15 پیسے فی لیٹر ڈیزل کی قیمت بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزید ریلیف نہ ملا تو ٹرانسپورٹ کا نظام ملک بھر میں متاثر ہوگا۔
ملک شہزاد اعوان نے روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کی ہے۔ الائنس نے آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کی بھی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔
اس صورتحال میں وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں۔ ایسوسی ایشن نے آج رات 12 بجے سے پیٹرول پمپ بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یاد رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے ٹرانسپورٹ سیکٹر کو شدید متاثر کیا ہے اور عوام کی مشکلات میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔












