خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں سیلابی ریلوں کی تباہی کے بعد مزید بارشوں کا امکان بڑھ گیا ہے۔ این ڈی ایم اے نے فلیش فلڈ کا الرٹ جاری کیا ہے۔
پشاور: (رائیٹ ناؤ نیوز) خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں کے نتیجے میں تباہی ہوئی۔ اس دوران 8 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے ہیں۔
گزشتہ روز مردان میں ایک مکان کی چھت گرنے سے دو بچے جاں بحق جبکہ ان کی ماں اور بہن زخمی ہوئیں۔ وادی نیلم میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث 25 دکانیں اور 6 مکانات تباہ ہوئے، جس سے 25 ہزار کی آبادی متاثر ہوئی ہے۔
ریسکیو 1122 نے نوشہرہ میں سیلابی ریلے میں محصور 12 افراد کو بچایا۔ اسی دوران آدم زئی میں مزید 6 افراد کو بھی محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔
ہزارہ ڈویژن میں رابطہ پل بہہ گئے اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث اہم راستے بند ہو گئے ہیں۔ ہری پور میں انتظامیہ نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ این ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں فلیش فلڈ کا الرٹ جاری کیا ہے۔ 25 جولائی تک بارشوں سے گلیشیرز کے پگھلنے کا خدشہ ہے۔














