بشکیک میں ایس سی او وزرائے خارجہ کا اجلاس، پاکستان اور دیگر ممالک کی شرکت متوقع، اجلاس کا ایجنڈا طے ہوگا۔
بشکیک: (رائیٹ ناؤنیوز) شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ کا اجلاس آئندہ ہفتے بشکیک، کرغزستان میں منعقد ہوگا۔ اس اجلاس میں پاکستان، چین، روس، ایران اور دیگر رکن ممالک کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اس اجلاس میں شرکت کے لیے اگلے ہفتے کرغزستان جائیں گے۔ اجلاس 24 جولائی کو ہوگا، جبکہ بھارتی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کی شرکت کا بھی امکان ہے۔
اجلاس میں آئندہ ہونے والے ایس سی او سربراہی اجلاس کا ایجنڈا اور اہم امور کو حتمی شکل دی جائے گی۔ یہ سربراہی اجلاس اگلے ماہ کے آخر میں بشکیک میں منعقد ہوگا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف شرکت کریں گے۔
روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن اور چین کے صدر شی جن پنگ کی شرکت بھی متوقع ہے۔ سربراہی کانفرنس یکم ستمبر کو مشترکہ اعلامیہ جاری کرے گی۔
واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم ایک اہم علاقائی تنظیم ہے جو رکن ممالک کے درمیان تجارتی اور سیکیورٹی تعاون کو فروغ دیتی ہے۔












