محسن نقوی نے نیویارک میں یو این سیکرٹری جنرل سے ملاقات کی، پاکستان کی ثالثی کوششوں اور امن خدمات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نیویارک: (رائیٹ ناؤنیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی صورتحال اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران مغربی ایشیا میں تنازعات کے خاتمے کے لیے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں پر گفتگو ہوئی۔ اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔
سیکرٹری جنرل گوتریس نے پاکستان کی امن کے لیے کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے عالمی امن کے قیام میں پاکستان کے کردار کو اہم قرار دیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نے چیلنجز کے باوجود علاقائی امن کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن مشنز کی کامیابی کے لیے حقیقت پسندانہ مینڈیٹ ضروری ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز میں طویل المدتی تعاون فراہم کرتا رہا ہے۔ اقوام متحدہ کی جانب سے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی خدمات کو تسلیم کیا گیا ہے۔














