امریکی اخبار کے مطابق ایرانی خفیہ اداروں نے سیکیورٹی خدشات کے باعث مجتبیٰ خامنہ ای کو والد کے جنازے میں شرکت کی اجازت نہیں دی۔
تہران: (رائیٹ ناؤ نیوز) ایرانی خفیہ ایجنسیوں نے مجتبیٰ خامنہ ای کو اپنے والد آیت اللہ علی خامنہ ای کی تدفین میں شرکت کی اجازت نہیں دی۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ سیکیورٹی خدشات کی بنا پر لیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چار سینئر ایرانی حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سیکیورٹی اداروں کو خدشہ تھا کہ مجتبیٰ خامنہ ای کی جنازے میں شرکت سے ان کی جان کو خطرہ ہو سکتا ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق انہیں خدشہ تھا کہ اسرائیل مجتبیٰ خامنہ ای کو نشانہ بنا سکتا ہے یا ان کے خفیہ مقام کا پتہ لگا سکتا ہے۔ اس وجہ سے انہیں کلیئرنس نہیں دی گئی۔
اس واقعے کے بعد ایرانی سیاسی حلقوں میں سخت گیر اور اعتدال پسند دھڑوں کے درمیان اختلافات بڑھ گئے ہیں۔ کچھ عناصر امریکا کے ساتھ سفارت کاری کی مخالفت کر رہے ہیں جبکہ دیگر مذاکرات کے حامی ہیں۔
واضح رہے کہ نیویارک ٹائمز کی یہ رپورٹ غیر مصدقہ معلومات پر مبنی ہے اور ایرانی حکومت یا مجتبیٰ خامنہ ای کے دفتر کی جانب سے کوئی باضابطہ تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔














