بلوچستان کے اسکولوں میں جسمانی سزا پر پابندی، محکمہ تعلیم نے اعلامیہ جاری کیا۔ خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
کوئٹہ: (رائیٹ ناؤ نیوز) بلوچستان کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں طلبہ کو جسمانی سزا دینے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ محکمہ تعلیم نے اس حوالے سے باقاعدہ اعلامیہ جاری کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق کسی طالب علم کو تھپڑ مارنے یا کسی بھی چیز سے جسمانی سزا دینے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ذہنی اذیت یا تذلیل بھی سختی سے ممنوع قرار دی گئی ہے۔
محکمہ تعلیم نے اسکولوں میں نظم و ضبط کے لیے دوستانہ اور غیر تشدد پر مبنی رویہ اپنانے کی ہدایت کی ہے۔ اساتذہ کو خوش اخلاقی اور مثبت طرز عمل اپنانے کی تاکید کی گئی ہے۔
محکمہ نے ہدایت کی ہے کہ جسمانی سزا کی شکایات کی فوری تحقیقات کی جائیں۔ تحقیقات کی رپورٹ ضلعی ایجوکیشن آفیسر کو بھیجی جائے گی۔
یاد رہے کہ حکمنامے کی خلاف ورزی کرنے والے اساتذہ کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ بچوں کے حقوق سے متعلق آگاہی سیشنز بھی منعقد کیے جائیں گے۔














