سپریم کورٹ نے یوریا درآمد کیس میں ٹی سی پی کے حق میں فیصلہ سنایا، نجی کمپنی کی اپیل مسترد۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) سپریم کورٹ نے یوریا درآمد کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کی اپیل منظور کر لی۔ عدالت نے نجی کمپنی کی اپیل مسترد کرتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا ہے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے 21 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔ عدالت نے کہا کہ ٹی سی پی کی جانب سے پرفارمنس گارنٹی ضبط کرنا قانونی اقدام تھا۔
سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ تجارتی معاہدوں میں مداخلت نہیں کی جا سکتی۔ معاہدوں کی پاسداری ضروری ہے، اور اصولوں کی خلاف ورزی پر گارنٹی ضبط کی جا سکتی ہے۔
عدالت نے کہا کہ وقت کی پابندی معاہدے کا اہم حصہ ہے۔ کمپنی کو مہلتیں دینے کے باوجود یوریا سپلائی میں ناکام رہی۔ سپریم کورٹ نے 34 لاکھ 65 ہزار ڈالر ہرجانے کا دعویٰ بھی مسترد کر دیا۔
یاد رہے کہ یہ کیس طویل عرصے سے زیر بحث تھا۔ عدالت نے ٹی سی پی کے مؤقف کو درست قرار دیا، اور یوریا درآمد تنازع کا اختتام ہوا۔











