سندھ ہائیکورٹ نے ڈاکٹر سارہ گل کی پی ایم ڈی سی رجسٹریشن درخواست کی فوری سماعت کی استدعا منظور کرلی۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے پاکستان کی پہلی ٹرانسجینڈر ڈاکٹر سارہ گل کی پی ایم ڈی سی رجسٹریشن اور لائسنس کے عدم اجرا سے متعلق درخواست کی فوری سماعت کی استدعا منظور کرلی۔ عدالت نے وکیل درخواستگزار سے کہا کہ پہلے پی ایم ڈی سی کو لکھتے۔
درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ پی ایم ڈی سی کو درخواست دی گئی ہے مگر کوئی جواب نہیں ملا۔ وکیل نے بتایا کہ گریجویشن ڈگری کی رجسٹریشن نہیں ہو رہی، اور درخواستگزار کو جناح میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج، سہیل یونیورسٹی اور کراچی یونیورسٹی کے درمیان گھمایا جا رہا ہے۔
درخواستگزار نے 2021 میں جے ایم ڈی سی سے ایم بی بی ایس مکمل کیا۔ جے ایم ڈی سی اب سہیل یونیورسٹی میں تبدیل ہوچکا ہے، اور ان کے مطابق پہلے جامعہ کراچی سے الحاق تھا، اب علیحدہ یونیورسٹی ہے لہٰذا پی ایم ڈی سی پورٹل تک رسائی نہیں۔
وکیل نے بتایا کہ پی ایم ڈی سی کے مطابق طلبہ کا ریکارڈ اپڈیٹ کرنا یونیورسٹی کی ذمہ داری ہے۔ اداروں کے آپس میں ذمہ داری کے تنازع کے باعث درخواستگزار کو لائسنس نہیں مل سکا۔ عدالت نے درخواست کی فوری سماعت کی استدعا منظور کرتے ہوئے موسم سرما کی چھٹیوں کے بعد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔















