فیصل واوڈا نے سیاسی ملاقاتوں پر پابندی کا اشارہ دیتے ہوئے قانونی ملاقاتوں کی اجازت دی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سینیٹر فیصل واوڈا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ آئین اور قانون کے مطابق فیملی کو ملاقات کی اجازت ہے جبکہ وکیل کو کیس سے متعلق ملنے کی اجازت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیملی کی ملاقاتیں بھی سیاسی پیغام پر مشتمل ہو رہی ہیں اور اب سے وہ بھی بند کر دی جائیں گی۔
فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ وکلاء نے کیس کے علاوہ کوئی سیاسی پیغام دیا تو وہ بھی بند کر دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جیتی ہوئی افواج اور اس کے سپہ سالار کے بارے میں مزید بکواس برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ بکواس کرنے والوں کی زبان سے جوتے کی سول بنا دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کو عدم استحکام اور فوج کو بدنام کرنے کی سازش کو سختی سے روکا جائے گا۔ اصولاً پیار کے بدلے ڈبل پیار اور عزت کے مطابق ڈبل عزت دی جائے گی جبکہ بدمعاشی کا جواب ڈبل بدمعاشی سے دیا جائے گا۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ اشتعال انگیزی کرنے والی پارٹی اس دوراہے پر لے آئی ہے کہ واپسی اب مشکل ہے اور کیسز کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ اگر وزیراعلی نے کوئی مزید حرکت کی تو بچی کُچی سیاست بھی گورنر راج سے ختم کر دی جائے گی۔














