ماسکو میں امریکی حکام کی پیوٹن سے ملاقات، روس یوکرین امن معاہدے پر بات چیت، مذاکرات مفید قرار دیے گئے۔
ماسکو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے معاون خصوصی اسٹیو وٹکوف اور داماد جیرڈ کشنر نے ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے پانچ گھنٹے طویل ملاقات کی۔
ملاقات میں روس یوکرین جنگ بندی اور امریکی امن معاہدے پر تفصیلی گفت و شنید کی گئی۔ روسی صدارتی دفتر نے ملاقات کو تعمیری اور نتیجہ خیز قرار دیا۔
روسی صدر کے خارجہ پالیسی کے مشیر یوری اوشاکوف نے بتایا کہ بعض نکات پر اتفاق ہو گیا جبکہ کچھ پر رائے نہیں ملی، لیکن مذاکرات مجموعی طور پر مفید رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ روس اور امریکا کے درمیان علاقائی معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوا اور نہ ہی دونوں ممالک کے صدور کی ملاقات طے ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ مذاکرات صرف لڑائی ختم کرنے کے بارے میں نہیں بلکہ یوکرین کی طویل مدتی خوشحالی کے لئے ہیں۔ صدر پیوٹن نے کہا کہ اگر بات چیت سے تنازع ختم نہیں ہوا تو روس جنگ جاری رکھے گا۔















