ٹرمپ نے بائیڈن کے آٹوپین احکامات منسوخ کر دیے اور 19 ممالک کی امیگریشن درخواستیں روک دی۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق صدر بائیڈن کے آٹوپین سے منظور کردہ تمام احکامات منسوخ کر دیے۔ ٹرمپ نے کہا کہ آٹوپین سے منظور ہونے والے معافی نامے اور دیگر دستاویزات کی اب کوئی حیثیت نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سابق صدر کے ایگزیکٹو آرڈر بھی غیر فعال ہوں گے کیونکہ زیادہ تر دستخط بائیڈن کو بتائے بغیر کیے گئے۔
واضح رہے کہ سابق صدر بائیڈن نے احکامات جاری کرنے کے لیے آٹوپین کے استعمال کا اعتراف کیا تھا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ تمام دستخط ان کی مرضی سے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب کابینہ اجلاس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ کا تذکرہ کیا اور کہا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کرائی، 9 ماہ میں 8 جنگیں رکوائیں اور امید ہے کہ روس یوکرین جنگ بھی جلد ختم ہوجائے گی۔
امریکا نے 19 ممالک کے تارکین وطن کی تمام امیگریشن درخواستیں بھی روک دی ہیں۔ یہ اقدام ٹرمپ انتظامیہ نے افغان شہری کی نیشنل گارڈز پر فائرنگ کے واقعے کے تناظر میں اٹھایا ہے۔













