اقتصادی سروے کے مطابق ملک میں غربت کی شرح میں خاطر خواہ اضافہ ہونے کے سبب 8 لاکھ پاکستانی روزگار کے لیے بیرون ملک چلے گئے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) قومی اسمبلی میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اقتصادی سروے پیش کر دیا۔ سروے کے مطابق ملک میں غربت کی شرح میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان میں تعلیم کی شرح 63 فیصد جبکہ غربت کی شرح 28.9 فیصد ہوگئی ہے۔ شہروں میں غربت 17.4 فیصد اور دیہات میں 36.2 فیصد ہوچکی ہے۔
بلوچستان میں غربت کی شرح سب سے زیادہ 47 فیصد ہے۔ خیبر پختونخوا میں 35.3 فیصد، سندھ میں 32.6 فیصد اور پنجاب میں 23.3 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
اقتصادی سروے کے مطابق گزشتہ سال 8 لاکھ پاکستانی روزگار کے لیے بیرون ملک چلے گئے۔ سعودی عرب 5 لاکھ 30 ہزار پاکستانیوں کی منزل رہی۔
واضح رہے کہ ملک میں قدرتی گیس اور تیل کی پیداوار میں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ کوئلے کی پیداوار میں 6.5 فیصد اضافہ ہوا۔













