شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 7 دہشت گرد ہلاک

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 7 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک، اسلحہ برآمد۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

شمالی وزیرستان: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دو الگ الگ کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیم الخوارج کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ کارروائیوں کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق، میر علی اور اسپین وام کے علاقوں میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر یہ کارروائیاں کی گئیں، جن میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔

میر علی میں کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گرد مارے گئے جبکہ اسپین وام میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا۔ ہلاک شدگان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق، بھارتی حمایت یافتہ یہ خوارج سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ علاقے میں مزید سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں تاکہ چھپے ہوئے دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سیکیورٹی فورسز کی کامیابیوں کو سراہا اور کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں