مالی سال 2026-27 کا وفاقی بجٹ کل پیش ہوگا، جس میں قومی ترقیاتی پلان کی منظوری اور معاشی اہداف کا تعین کیا گیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) مالی سال 2026-27 کے لیے 17 ہزار 500 ارب روپے کا وفاقی بجٹ کل پیش کیا جائے گا۔ ٹیکس ریونیو کا ہدف 15 ہزار 267 ارب روپے اور نان ٹیکس ریونیو کا ہدف 2 ہزار 767 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔ معاشی شرح نمو 4 فیصد اور مہنگائی کی شرح 8.2 فیصد رکھی گئی ہے۔
پیٹرولیم لیوی سے 1 ہزار 727 ارب روپے وصول کرنے کا منصوبہ ہے۔ حکومت نے قرضوں پر سود کے لیے 7 ہزار 824 ارب روپے اور دفاعی اخراجات کے لیے تقریباً 3 ہزار ارب روپے مختص کیے ہیں۔
تجارتی خسارہ 37 ارب ڈالر سے زائد رہنے کا امکان ہے، برآمدات کا ہدف 32.8 ارب ڈالر اور درآمدات کا تخمینہ 70 ارب ڈالر ہے۔ زراعت کی ترقی 3.8 فیصد اور صنعتیں 4 فیصد کی شرح سے ترقی کریں گی۔
حکومت 20 لاکھ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی خواہاں ہے۔ خدمات کے شعبے میں 11 لاکھ، صنعتی شعبے میں 5 لاکھ، اور زرعی شعبے میں 4 لاکھ ملازمتوں کا ہدف ہے۔
واضح رہے کہ قومی اقتصادی کونسل نے آئندہ بجٹ کے اہم معاشی اہداف منظور کر لیے ہیں۔ قومی ترقیاتی پلان 3 ہزار 669 ارب روپے کا منظور ہوا ہے۔ وفاقی پی ایس ڈی پی کا حجم 1 ہزار ارب روپے ہے۔















