عمران خان کی صحت الحمدللہ ٹھیک ہےمگر انہیں قید تنہائی میں رکھا گیا ہے۔عظمیٰ خان

عظمیٰ خان نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد صحت کی خیریت بتائی۔ بیرسٹر گوہر نے ملاقات کو خوش آئند قرار دیا اور بانی کے بچوں سے بات کروانے کی تجویز دی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

راولپنڈی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) عظمیٰ خان نے بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ بانی کی صحت الحمدللہ ٹھیک ہے مگر انہیں قید تنہائی میں رکھا گیا ہے جس سے انہیں ذہنی اذیت دی جا رہی ہے۔ عظمیٰ خان نے مزید کہا کہ وہ گورکھپور ناکے کی طرف روانہ ہو گئی ہیں اور دیگر معاملات پر بعد میں بات کریں گی۔

گورکھپور فیکٹری ناکے پر بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہن کے ساتھ ملاقات خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی کے بچوں سے فون پر بات کروائی جائے اور اگر بانی کو مہینے بھر قید تنہائی میں رکھا گیا تو عوام میں اضطراب پیدا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ان کے وکلاء اور پارٹی لیڈرز سے ملاقات کی اجازت زیادہ دی جائے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی بین الاقوامی لیڈر ہیں اور ملک کی سب سے بڑی جماعت کے سربراہ ہیں۔ وہ قومی اسمبلی، سینیٹ اور چاروں صوبوں میں نمائندگی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال میں بانی پی ٹی آئی کو انصاف ملنا ضروری ہے تاکہ ملک انتشار کی طرف نہ جائے۔

دیگر متعلقہ خبریں