محکمہ موسمیات نے ملک میں شدید گرمی کی لہر کی پیشگوئی کی ہے، جس کے تحت درجہ حرارت 51 ڈگری تک جا سکتا ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 8 جون سے 11 جون تک ملک کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور، مردان، بنوں، کرک، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں درجہ حرارت 41 سے 46 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔ جبکہ چترال، دیر، سوات اور گلگت بلتستان میں درجہ حرارت 37 سے 40 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اسلام آباد، راولپنڈی، اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت 41 سے 48 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔ جبکہ سندھ اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت 51 ڈگری تک جا سکتا ہے۔
یہ گرمی کی لہر شہریوں کے روزمرہ کے معمولات پر اثر انداز ہو سکتی ہے، اور غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جنوبی پنجاب اور سندھ میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی کے باعث شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کریں۔













