وفاقی حکومت نے پیپلز پارٹی کے ساتھ مشاورتی اجلاس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں ترقیاتی منصوبے اور معاشی حکمت عملی زیر غور آئیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ اور ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پیپلز پارٹی کی قیادت سے ملاقات کی۔
اجلاس میں آئندہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ کی تیاری پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں موجودہ اخراجات اور ترقیاتی بجٹ کی ترجیحات کا جائزہ لیا گیا۔ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔
وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور معاون خصوصی طارق باجوہ بھی اجلاس میں شریک تھے۔ سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسال اور چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے بجٹ امور پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں سندھ کے ترقیاتی اور آبی منصوبوں سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، نوید قمر، شیری رحمان اور سلیم مانڈوی والا بھی اجلاس میں شریک تھے۔
واضح رہے کہ وفاقی بجٹ کی تیاری کے سلسلے میں اتحادی جماعتوں سے مشاورت آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ بجٹ 2026-27 بدھ 10 جون 2026 کو پیش کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔














