ریئل اسٹیٹ سیکٹر کو فروغ دینے کے لیے حکومت نے ود ہولڈنگ ٹیکس میں کمی کی تجویز دی ہے، جس سے مارکیٹ کی سرگرمیاں بڑھیں گی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) حکومت نے ریئل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبے کو فروغ دینے کے لیے جائیداد کی خرید و فروخت پر عائد ود ہولڈنگ ٹیکس میں نمایاں کمی کی تجویز تیار کی ہے۔
ذرائع کے مطابق فائلرز کے لیے پراپرٹی خریدنے پر ٹیکس کی شرح 1.5 فیصد سے کم کر کے 0.25 فیصد کرنے کی تجویز ہے، جبکہ فروخت پر ٹیکس 4.5 فیصد سے کم کر کے 1.5 فیصد کیا جائے گا۔
حکومت کا کہنا ہے کہ ٹیکسوں میں کمی سے پراپرٹی مارکیٹ میں سرگرمیاں بڑھیں گی، اور مجموعی ٹیکس وصولیوں میں اضافہ ہوگا۔ اس ضمن میں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، یہ ریلیف صرف فائلرز کے لیے ہوگا، جبکہ نان فائلرز کے لیے پراپرٹی کی خرید و فروخت پر ٹیکس کی موجودہ شرح 10.5 فیصد برقرار رکھنے کی تجویز ہے۔
یاد رہے کہ آئندہ مالی سال 2026-27 کا وفاقی بجٹ 5 جون کو قومی اسمبلی میں پیش کیے جانے کا امکان ہے، جس میں مختلف شعبوں کے لیے ریلیف کے اقدامات شامل ہوں گے۔














