کراچی میں کھلے مین ہولز میں بچوں کی اموات پر میئر کراچی کو سخت سوالات کا سامنا، مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اشتعال انگیز گفتگو معاملات کو حل نہیں کرتی۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کراچی میں کھلے مین ہولز میں گر کر بچوں کی اموات کے واقعات پر سندھ حکومت کو شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک صحافی نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب سے سخت سوالات کئے، کہ آپ کو یہاں ہونے کی بجائے نپیا چورنگی ہونا چاہئے تھا جہاں کھلے مین ہول میں گر کر بچے کی موت ہوگئی، وہاں لوگوں نے روڈ بھی جام کر رکھا ہے۔
صحافی نے مزید کہا کہ اس ماں کی چیخیں آسمان تک تو جا رہی ہیں لیکن حکمرانوں تک پہنچ رہی ہیں یا نہیں؟ اگر یہی بچہ کسی حکمراں کا ہوتا تو آپ کا یہی رویہ ہوتا؟ آپ لوگوں کو نیند کیسے آتی ہے؟ ایک عدالت اللہ کی بھی ہے، وہاں بھی جواب دینا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ تقریر کرنے کے بجائے سوال پر فوکس کرتے تو بہتر ہوتا۔ اسی اشتعال انگیز گفتگو کی وجہ سے ہم معاملات حل نہیں کر پاتے، اگر سڑک بلاک کرنے سے متاثرہ والدین کا مسئلہ حل ہو جاتا ہے تو سو بسم اللہ۔
انہوں نے کہا کہ میں چاہتا تو پریس کانفرنس کینسل کرسکتا تھا لیکن یہ میری ذمہ داری ہے، اس لئے میں یہاں آیا ہوں، میں بلیم گیم پر نہیں جاتا، اوپر والے کو جواب آپ نے بھی دینا ہے، میں نے بھی دینا ہے، ہم سب نے دینا ہے۔














