پاکستان کو ایشیا بحرالکاہل خطے میں معاشی خطرات کا سامنا ہے، توانائی کی درآمدات پر انحصار اور بیرونی ادائیگیوں کا دباؤ اہم عوامل ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) ایک نئی عالمی رپورٹ کے مطابق پاکستان کو ایشیا بحرالکاہل خطے میں سب سے زیادہ معاشی خطرات لاحق ہیں۔ یہ رپورٹ مشرق وسطیٰ میں جاری طویل تنازع کی صورت میں پاکستان کی معیشت پر ممکنہ اثرات کے حوالے سے ہے۔
ایس اینڈ پی گلوبل مارکیٹ انٹیلی جنس کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی معیشت کو توانائی کی درآمدات پر انحصار، مالی گنجائش کی کمی اور بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ کا سامنا ہے۔ یہ عوامل ملک کو شدید معاشی خطرات سے دوچار کر سکتے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جغرافیائی کشیدگی کے اثرات پاکستان کی معیشت پر مہنگائی، تجارتی خسارہ، ترسیلات زر اور کرنسی دباؤ کی صورت میں ظاہر ہو سکتے ہیں۔
ماہرین نے بتایا ہے کہ پاکستان کا زیادہ تر خام تیل اور گیس خلیجی ممالک سے آتا ہے، جبکہ لاکھوں پاکستانی محنت کش انہی ممالک سے ترسیلات زر بھیجتے ہیں، جو معیشت کی حساسیت کو بڑھاتے ہیں۔
یاد رہے کہ اسٹیٹ بینک نے بھی خبردار کیا ہے کہ علاقائی جنگ یا کشیدگی کی صورت میں پاکستان کی اقتصادی شرح نمو اور مالی استحکام متاثر ہو سکتے ہیں۔














