وادی سندھ کی تہذیب کا زوال خشک سالیوں کے باعث ہوا، تحقیق
نئی دہلی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وادی سندھ کی پانچ ہزار سال پرانی تہذیب کے زوال کی وجہ پر تحقیق کرنے والے ماہرین نے انکشاف کیا کہ مسلسل خشک سالیوں نے اس تہذیب کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
وادی سندھ، جو کہ دنیا کی ابتدائی شہری تہذیبوں میں شامل تھی، دریائے سندھ پر انحصار کرتی تھی۔ جدید تحقیق سے پتہ چلا کہ بارشوں میں کمی اور درجہ حرارت میں اضافہ اس تہذیب کے زوال کا سبب بنے۔
تحقیق کے مطابق اوسط سالانہ بارش میں 10 سے 20 فیصد کمی ہوئی جبکہ درجہ حرارت میں 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ اضافہ ہوا، جو تہذیب کے زوال کا باعث بنا۔
ماہرین کے مطابق بڑی خشک سالیوں نے وادی سندھ کے 91 فیصد علاقے کو متاثر کیا اور آبادی کو دریائے سندھ کے قریب منتقل ہونے پر مجبور کیا۔
وادی سندھ کی تہذیب کا زوال ایک تدریجی عمل تھا، جس میں لوگ نقل مکانی اور فصلوں کی تبدیلی کے ذریعے خود کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کرتے رہے۔













