امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک سٹی میئر انتخاب میں ظہران ممدانی کی جیت کی صورت میں شہر کے وفاقی فنڈز روکنے کی دھمکی دی ہے۔
نیویارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک سٹی کے میئر کے لیے سابق گورنر اینڈریو کومو کی حمایت کا اعلان کیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ اگر ڈیموکریٹک امیدوار ظہران ممدانی الیکشن جیت گئے تو شہر کے وفاقی فنڈز روک دیے جائیں گے۔
اینڈریو کومو، جو پہلے ڈیموکریٹک پارٹی کے بڑے رہنما رہے ہیں، اب آزاد امیدوار کے طور پر انتخاب لڑ رہے ہیں کیونکہ وہ ڈیموکریٹک پرائمری میں ممدانی سے شکست کھا چکے ہیں۔ نیویارک سٹی کا میئر الیکشن منگل کو ہونے والا ہے اور یہ انتخاب ڈیموکریٹک پارٹی کے مستقبل کی سمت متعین کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
34 سالہ ظہران ممدانی، جو خود کو ’ڈیموکریٹک سوشلسٹ‘ کہتے ہیں، نوجوان اور ترقی پسند ووٹرز میں مقبول ہیں جبکہ معتدل ڈیموکریٹس ان کی بائیں بازو کی پالیسیوں سے پریشان ہیں۔
ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ اگر لوگوں نے ریپبلکن امیدوار کرٹس سلیوا کو ووٹ دیا تو وہ ممدانی کی مدد کریں گے، اور ممدانی کے میئر بننے کی صورت میں شہر کے وفاقی فنڈز میں کمی کر دی جائے گی۔
ممدانی نے ٹرمپ کی دھمکیوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ اور کومو ایک جیسے ہیں۔ ان کی پالیسیوں میں امیر طبقے پر ٹیکس بڑھانا، کارپوریشن ٹیکس میں اضافہ اور کم آمدنی والے شہریوں کے لیے رہائشی منصوبے شامل ہیں۔













