وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بجلی کی قیمتوں پر وضاحت دینے سے گریز کیا، سبسڈی کا مستقبل غیر یقینی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے واضح جواب دینے سے گریز کیا ہے۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں ان سے پوچھا گیا کہ آیا بجلی پر سبسڈی ختم ہو رہی ہے۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ یہ سبسڈی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ڈیٹا کی بنیاد پر مستحق صارفین کو دی جائے گی۔ اس اقدام سے سبسڈی کے غلط استعمال کو روکنے میں مدد ملے گی۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ وزیرتوانائی اور وزیراعظم مسلسل بجلی سبسڈی پر کام کر رہے ہیں۔ آئندہ دنوں میں اس موضوع پر مزید بات چیت متوقع ہے۔
وزیر خزانہ سے پوچھا گیا کہ بجلی سستی ہوگی یا مہنگی؟ انہوں نے اس سوال پر واضح جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔
یاد رہے کہ آئی ایم ایف بورڈ کا اجلاس کل ہوگا جس میں قرض کی منظوری دی جا سکتی ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ہمارے اہداف پورے ہیں اور قرض منظوری آئی ایم ایف بورڈ پر منحصر ہے۔















