امریکی صدر ٹرمپ نے یورپی گاڑیوں پر 25 فیصد ٹیکس نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے، جس سے تجارتی کشیدگی بڑھ سکتی ہے۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناؤ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ یورپی یونین سے درآمد کی جانے والی گاڑیوں اور ٹرکوں پر 25 فیصد ٹیرف بڑھایا جائے گا۔ یہ اعلان انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کیا ہے۔
ٹرمپ نے کہا ہے کہ یورپی یونین تجارتی معاہدوں کی مکمل پاسداری نہیں کر رہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگلے ہفتے سے یورپی گاڑیوں پر محصولات میں اضافہ کیا جائے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر یورپی کمپنیاں امریکا میں گاڑیاں تیار کریں تو ان پر کوئی ٹیرف نہیں ہوگا۔ اس وقت آٹوموبائل اور ٹرک سازی کے کئی کارخانے زیر تعمیر ہیں۔
ٹرمپ کے مطابق ان منصوبوں میں 100 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔ ان کارخانوں میں امریکی کارکنوں کو روزگار بھی فراہم کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے امریکا اور یورپی یونین میں تجارتی کشیدگی بڑھ سکتی ہے اور عالمی آٹوموبائل مارکیٹ متاثر ہو سکتی ہے۔















