اسلام آباد ہائی کورٹ کے تین ججز نے آئینی ترمیم کے بعد اپنے چیمبرز خالی کر دیے ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ کے تین ججز نے اپنے چیمبرز خالی کر دیے ہیں۔ جسٹس طارق محمود جہانگیری، جسٹس بابر ستار اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے اپنے ذاتی سامان چیمبرز سے منتقل کر لیا۔ یہ اقدام 27ویں آئینی ترمیم کے بعد سامنے آیا ہے، جس کے تحت ہائی کورٹ ججز کی منتقلی کی گنجائش شامل کی گئی ہے۔
عدالتی عملے نے ججز کے احکامات پر ان کے چیمبرز میں موجود کتابیں، دستاویزات اور دیگر ذاتی اشیاء کو پیک کر کے منتقل کر دیا۔ ان کی تقرریاں دسمبر 2020 اور 2021 میں ہوئی تھیں، اور وہ استعفے کی صورت میں پنشن و دیگر مراعات کے اہل ہوں گے۔
یہ ججز ان چھ ججز میں شامل ہیں جنہوں نے عدالتی امور میں مبینہ مداخلت کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل کو خط لکھا تھا۔ اس خط نے عدلیہ کی آزادی سے متعلق وسیع بحث کو جنم دیا تھا۔
پانچ ججز نے سپریم کورٹ میں IHC منتقلی کو چیلنج کیا تھا، جو مسترد کر دی گئی۔ 27ویں ترمیم کو بھی چیلنج کرنے کی کوشش کی گئی، لیکن رجسٹرار آفس نے درخواست واپس کر دی۔















