حکومت نے آئی ایم ایف کی شرط پوری کرتے ہوئے گریڈ 17 اور اوپر کے افسران کو اثاثے ظاہر کرنے کا پابند بنا دیا، جس میں وفاقی وزارتوں اور صوبائی محکموں کے افسران شامل ہوں گے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) حکومت نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرط پوری کرتے ہوئے گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے افسران کو اپنے اثاثے ظاہر کرنے کا پابند بنا دیا ہے۔ یہ اقدام وفاقی وزارتوں اور صوبائی محکموں کے افسران پر لاگو ہوگا، جنہیں بنگلے، گھر، پراپرٹی، گاڑی، کیش سمیت تمام اثاثوں کی تفصیلات فراہم کرنی ہوں گی۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق، گریڈ 17 سے اوپر کا کوئی بھی سرکاری یا نیم سرکاری افسر اس عملدرآمد کا پابند ہوگا۔ تمام سرکاری افسران کو ہر سال اپنے اثاثوں کی فہرست فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو جمع کرانی ہوگی۔ پہلے یہ شرط صرف سول سرونٹس پر لاگو تھی، لیکن اب یہ تمام پبلک سرونٹس کے لیے ہے۔
ذرائع کے مطابق، واپڈا، پی آئی اے، سوئی گیس، او جی ڈی سی ایل سمیت خودمختار اداروں کے افسران بھی اس میں شامل ہوں گے۔ تاہم، نیب قانون کے تحت پہلے سے مستثنیٰ افسران، جیسے ججز اور فوجی افسران، اس حکم سے آزاد رہیں گے۔















