سی ڈی اے نے 120 دن میں ریکارڈ ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ کیا ہے، شہری درخواستوں کا اسٹیٹس معلوم کر سکیں گے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)۔ وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) نے اپنے تمام ریکارڈ کو 120 دن میں ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا، جہاں اسلام آباد میں جاری اور نئے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن کے بعد شہری اپنی درخواستوں کا اپڈیٹ اسٹیٹس معلوم کر سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ آئینی عدالت نے سی ڈی اے کو کچی آبادیوں کی ریگولرائزیشن پالیسی چار ہفتوں میں بنانے کا حکم دیا ہے۔
وزیر داخلہ نے نئے کنونشن سینٹر، ایکسپو سینٹر اور اسلام آباد ارینا کی تعمیر کیلئے تین بین الاقوامی کمپنیوں کی پری کوالیفکیشن مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ یہ تعمیرات ایس سی او سمٹ سے قبل مکمل کی جائیں گی۔
اجلاس میں اسلام آباد کے سیکٹر ایف 6 میں خدمت مرکز کیلئے اراضی مختص کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے ٹاپ گالف، ہاٹ ایئر بیلون، زپ لائن، واٹر پارک اور امیوزمنٹ پارک پر کام جلد شروع کرنے کی ہدایت کی۔
یاد رہے کہ سی ڈی اے نے پلاٹوں کی نیلامی کا آغاز کر دیا ہے، جس میں پہلے ہی دن اربوں کی بولی لگائی گئی۔ مزید برآں، وزیر داخلہ نے شاہدرہ ڈیم کے ساتھ تفریحی سہولیات کا جامع پلان بھی طلب کیا ہے۔














