بلاول بھٹو زرداری نے بحری قزاقوں کی قید میں پاکستانی شہریوں کو تنہا نہ چھوڑنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم بحری قزاقوں کی قید میں پاکستانی شہریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے بلاول ہاؤس میں پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران اس عزم کا اظہار کیا۔
بلاول بھٹو نے ملاقاتوں میں ملکی سیاسی صورتحال پر بھی بات چیت کی۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رہنما قادر پٹیل نے بحری قزاقوں کی قید میں موجود پاکستانیوں کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایم ٹی آنر 25 آئل ٹینکر کے 17 رکنی عملے میں 10 پاکستانی شہری شامل ہیں۔
مغوی پاکستانیوں میں سے 6 کا تعلق کراچی سے ہے جبکہ دیگر کا تعلق سوات، باجوڑ، ساہیوال اور مردان سے ہے۔ قزاق عملے پر تشدد کر رہے ہیں اور انہیں خوراک کی کمی کا سامنا ہے۔
انڈونیشیا اپنے 7 شہریوں کی رہائی کے لیے قزاقوں سے رابطے میں ہے۔ بلاول بھٹو نے وزارت خارجہ کو پاکستانی شہریوں کی رہائی کے اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔
یاد رہے کہ صومالیہ کے قریب بحری جہاز پر قزاقوں کا قبضہ ہوا تھا، جس میں 11 پاکستانی یرغمال ہیں۔ بلاول بھٹو نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت ان کی مدد کے لئے تمام تر کوششیں کرے گی۔












