اسلام آباد میں راستے بند ہونے سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کھل گئی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)۔ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کے اعلان کے باوجود اولڈ ایئرپورٹ روڈ کی گلیاں بدستور بند ہیں۔ ایران اور امریکی وفد کی آمد کے باعث 8 روز سے گلیاں بند ہیں جس سے اسکولز اور دفاتر جانے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ کچھ موومنٹ جاری ہے، اس لیے گلیاں بند رکھی گئی ہیں، کوئی احکامات موصول نہیں ہوئے۔ گلزار قائد، ایئرپورٹ ہاؤسنگ سوسائٹی اور دیگر علاقوں کے رہائشی مشکلات میں مبتلا ہیں۔
ریڈ زون کی بندش کے باوجود اسلام آباد ہائیکورٹ آج 12 روز بعد کھل گئی، جبکہ 16 اپریل کو آخری سماعت ہوئی تھی۔ سیکڑوں کیسز التواء کا شکار ہوگئے اور کیسز کا پینڈنسی لوڈ بڑھ گیا۔
ریڈ زون کی بندش کے باعث اہم کیسز کی سماعت نہیں ہو سکی، 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت بھی ملتوی ہوئی۔ درختوں کی کٹائی روکنے کا کیس بھی زیر التواء رہا۔
واضح رہے کہ کفایت شعاری مہم کے تحت جمعہ کو جوڈیشل ورک نہیں ہوتا، جس سے گزشتہ 12 روز میں عدالتی کارروائی متاثر ہوئی۔











