اسلام آباد میں کفایت شعاری اقدامات کے تحت کاروباری اوقات میں تبدیلی، دکانیں اور بازار رات 8 بجے بند ہوں گے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ضلعی انتظامیہ نے کفایت شعاری اقدامات کے تحت شہر میں نئے کاروباری اوقات کا اعلان کیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق دکانیں، بازار اور شاپنگ مالز پورا ہفتہ رات 8 بجے بند کر دیے جائیں گے۔ ریسٹورنٹس، تندور، اور گروسری اسٹورز کے لیے بندش کا وقت رات 10 بجے ہوگا۔
حکام نے کہا ہے کہ ٹیک اوے اور ڈیلیوری سروسز کی اجازت ہوگی، جبکہ فارمیسیز، اسپتالوں، پٹرول پمپس اور ڈیری شاپس کو استثنیٰ دیا گیا ہے۔
یہ اقدامات توانائی کی بچت اور وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں، جو معیشت پر مثبت اثر ڈال سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ ماضی میں بھی توانائی بچت کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں، تاہم ان کا موثر نفاذ ہمیشہ ممکن نہیں رہا۔














