امریکی فوج نے بحرِ ہند میں ایرانی تیل سے منسلک آئل ٹینکر پر قبضہ کر لیا ہے، جس سے خطے میں کشیدگی بڑھ گئی۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی فوج نے بحرِ ہند میں ایرانی تیل سے منسلک ایک آئل ٹینکر پر قبضہ کر لیا ہے۔ امریکی محکمہ دفاع نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے ویڈیو بھی جاری کی ہے۔
امریکی محکمہ دفاع کے مطابق، "میجسٹک ایکس” نامی جہاز کو بھارتی سمندر میں روک کر تلاشی لی گئی۔ امریکی انڈو پیسیفک کمانڈ نے کارروائی کرتے ہوئے جہاز کو تحویل میں لے لیا۔ مذکورہ جہاز ایران سے تیل لے جا رہا تھا اور امریکی پابندیوں کی زد میں تھا۔
امریکی محکمہ جنگ نے بیان میں کہا کہ ایران کو معاونت فراہم کرنے والے جہازوں کو روکنے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔ سمندر میں غیر قانونی عناصر کی نقل و حرکت روکنے کے لیے مزید کارروائیاں کی جائیں گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ بین الاقوامی پانیوں کو پابندیوں کا شکار عناصر کے لیے ڈھال کے طور پر استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ امریکی فوج نے جہاز تحویل میں لینے کی ویڈیو بھی جاری کر دی ہے، جس میں اہلکاروں کو کارروائی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی فوج نے تین ایرانی بحری جہازوں کو روک کر ان کا رخ تبدیل کیا تھا۔ ایران نے بھی آبنائے ہرمز میں 2 بحری جہازوں پر قبضہ کرنے کی ویڈیو جاری کی، جس سے خطے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔











