پاکستان نے ایل این جی کی فوری خریداری کے لیے عالمی کمپنیوں سے بولیاں طلب کرلی ہیں، 3 کارگوز کی سپلائی اپریل اور مئی میں ہوگی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان نے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی جلد خریداری کا فیصلہ کیا ہے اور عالمی کمپنیوں سے 3 ایل این جی کارگوز کے لیے بولیاں طلب کرلی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ایل این جی لمیٹڈ نے بولیاں 24 اپریل تک طلب کی ہیں، جو اسی دن اوپن کی جائیں گی۔
3 کارگوز کی بولیاں اپریل اور مئی کے لیے طلب کی گئی ہیں۔ پہلے کارگو کی سپلائی 27 سے 30 اپریل تک ہوگی، دوسرے کارگو کی یکم سے 7 مئی تک اور تیسرے کارگو کی 8 سے 14 مئی تک سپلائی ہوگی۔
پاور ڈویژن نے پیٹرولیم ڈویژن کو 4 ایل این جی کارگوز کے فوری انتظام کے لیے خط لکھ دیا ہے تاکہ بجلی کی پیداوار میں رکاوٹ نہ ہو۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات صوبوں کی ڈیمانڈ کی بدولت پیک ٹائم میں ڈیموں سے پانی کے اخراج سے 4950 میگاواٹ بجلی پیدا ہوئی۔















